حکومت اور PTI میں مذاکرات نتیجہ خیز ہوںگے؟
جمہور کی آواز
ایم سرور صدیقی
تحریک انصاف کو PDM کی حکومت سے بہت سے گلے شکوے ہیں انہیں 9مئی اور 26نومبر کے حوالے سے بہت سے تحفظات ہیں ملٹری کورٹس سے تحریک ِ انصاف کے25 کارکنوںکو سزا بارے بھی تحریک ِ انصاف کا کہناہے کہ یہ انصاف کے منافی ہے اس کے باوجودبیشتر پاکستانیوںکا خیال ہے کہ ہر مسٔلے کا حل مذاکرات ہی ہے اس لئے حکومت اور پی ٹی آئی کو قومی مفاہمت کے لئے بات چیت کرنی چاہیے ،
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ سویلین کا آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل سول حکومت کی ناکامی ہے لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے ووٹ کی عزت نہ ہو تو عدم استحکام بڑھتا ہے اور کفرٹوٹاخدا خدا کرکے ۔۔کے مصداق بالآخر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں وزیرِ اعظم نے اس اْمید کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا دوسری طرف بانی PTIنے مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کو اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے
تاکہ حکومت کے غیرجمہوری اقدامات کے خلاف اپوزیشن کو متحد کیا جائے ۔ بیرسٹر سیف نے اپوزیشن جماعتوں کے کئی اہم رہنماؤں سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جی ڈی اے رہنما پیر پگاڑا اور ذوالفقار مرزا سے اسی ہفتے ملاقات کا امکان ہے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھا ہونا ضروری ہے اس لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا کیونکہ PTI جمہوریت بچانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے
۔ اگر سیاسی حالات کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتاہے کہ پاکستان میں ایک عرصہ بعد ٹرائیکا کی حکومت بنی ہے اس ٹرائیکا میں13چھوٹی بڑی پارٹیاں شامل ہیں جن کا ہدف عمران خان کو وزیر ِ اعظم کے منصب سے ہٹاناتھا کامیابی کے باوجود PDMکے حواس، موجودہ سیاسی صورت ِ حال اور جمہوریت کے تناظرمیں تحریک انصاف ماحول پر چھائی ہوئی ہے حکمرانوں نے ہر صورت عمران خان کا راستہ روکنے کا عزم کررکھا ہے اس میں وہ کامیاب بھی دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ آج بھی PTI کے خلاف ایک ان دیکھا خوف و ہراس محسوس کیا جاسکتاہے جو اس جماعت کے کارکنوںکی اکثریت کے دلوں ،
دماغوں میں موجود ہے حکمران جب عوام میں مقبول کسی بھی جماعت کو ریاستی جبر، سیاسی انتقام اور مراعات سے توڑنے یا نکرے لگانے میںناکام ہوجاتے ہیں تو ان کے پاس ایک ہی تیزبہدف نسخہ موجود ہوتاہے کہ کچھ بھی بن نہ پڑے تو پارٹی میں فارورڈ بلاک بنادیا جائے فارورڈ بلاک بنانے کا شاندار مظاہرہ کئی بارکیا جاچکاہے یہ اتنا کامیاب اور کارگر نسخہ ہے کہ اس کا وار خالی نہیں جاتا لیکن محسوس ہوتاہے کہ PTIکو کوئی فرق نہیں پڑنے والا کیونکہ اس وقت یہی پارٹی پاکستان کی واحد اور اکلوتی اپوزیشن ہے PDMہی حکمرانی اسی صورت میں برقرار رہتی ہے کہ وہ PTI کو مزید ٹوٹے ٹوٹے کرکے عمران خان ہمیشہ کیلئے سیاست سے نکال باہر کرے اور ان کے حامیوںکو دیوار کے ساتھ لگائے
بغیر وہ چین سے حکومت نہیں کرسکیں گے لگتاہے وہ اسی فلسفے پر عمل پیرا ہیں کیونکہ پنجاب کے بغیر PDM کی حکومت یا دوسرے لفظوں میں کہا جاسکتاہے بالخصوص شریف خاندان کی بادشاہت ادھوری ہے۔نون لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس کے فیصلے سے مذاکرات کا کوئی تعلق نہیں ہونا چاہئے،بیک چینل رابطے کبھی بھی منقطع نہیں ہوئے،رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ملٹری کورٹ کے بعدعمران خان کا فیصلہ متوقع ہے
اللہ کرے وہاں سے کوئی اچھا فیصلہ آئے لیکن خدانخواستہ اگر منفی فیصلہ آتا ہے اس کا اثر مذاکرات پر ہوگا۔اگر عمران خان یا بشریٰ بی بی کو سزا ہوجاتی ہے تو مذاکرات ختم ہوجائیں گے۔ مذاکرات سے حکو مت اپنا مینڈیٹ پورا کرسکے گی۔ معیشت اور دہشت گردی کے پیچھے سارے کھڑے ہوں گے اور بڑی شخصیت کے خلاف ٹرینڈ نہیں چلیں گے گالم گلوچ رکے گی اور تحریک انصاف کو سیاسی اسپیس واپس ملے گی اور عمران خان اور تحریک انصاف کی لیڈرشپ کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی جبکہ مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا کے ترجمان اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے
اس لیے سول نافرمانی کی تڑیاں لگا رہے ہیں 9 مئی کے کرداروں کو عدالتی سزائیں ملنا ملک کی سلامتی کے لئے ضروری ہے، 25 ملزمان کو سزائیں ملنے سے ملک میں قانون اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ لشکر کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کروایا جا سکتا: اختیار ولی خان اْنہوں نے کہا کہ جن کو سزا سنائی گئی یہ محض مہرے تھے اصل ماسٹر مائنڈز کو سزا ملنا ازحد ضروری ہے۔ مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا کے ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کے مرکزی کردار آج بھی جیل سے سازشیں بن رہے ہیں
۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک بھی 26 نومبر کی طرح ناکام ہو گی۔ تحریک ِ انصاف کے رہنماعمر ایوب خان کا کہناہے کہ ہمارے مطالبات حکومت کے سامنے ہیں، ڈیمانڈ آئی تو اس پر سوچیں گے، دیکھنا ہو گا یہ کمیٹی بااختیار ہے یا نہیں۔ عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیشن بنانے کا مطالبہ سامنے رکھا ہے سول نافرمانی کی تحریک وقتی طور پر موخر ٔ ہو سکتی ہے؟ یا نہیں اس سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار یا حتمی فیصلہ یا کال کی واپسی کا اختیار بانی پی ٹی آئی کا ہے جوان کی ہدایت ہوگی
اس پر عمل کیا جائے گا۔بہرحال ایک بارپھر ملک اپنے نازک ترین دور سے گذررہاہے سیاست میں عدم برداشت، جمہوریت کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں پوری قوم ایک ہیجانی کیفیت میں مبتلاہے اس ماحول میں مذاکرات کا عمل مثبت ہے کیونکہ مذاکرات ہی سے مسائل کا حل ممکن ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ اچھی سوچ کے تحت جامع بات چیت ہونی چاہیے اور مذاکراتی ٹیم کا باختیار ہونا نتیجہ خیز ثابت ہوگا اس کے ساتھ ساتھ مذاکراتی عمل کا ٹائم فریم ہونا چاہیے وقت کی نزاکت دیکھتے ہوئے مذاکرات کو مثبت انداز سے آگے بڑھانا ہو گا۔